ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : غیر اخلاقی پولیس گیری میں ملوث افراد سے لیا جا رہا ہے ضمانتی باونڈ - خلاف ورزی کرنے والوں کو کیا جائے گا شہر بدر

منگلورو : غیر اخلاقی پولیس گیری میں ملوث افراد سے لیا جا رہا ہے ضمانتی باونڈ - خلاف ورزی کرنے والوں کو کیا جائے گا شہر بدر

Sun, 04 Jun 2023 12:49:50    S.O. News Service

منگلورو، 4 /جون  (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے مورل پولیسنگ کے نام پر غنڈہ گردی اور جان لیوا حملے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرنے کے بعد منگلورو پولیس کمشنریٹ حدود میں غیر اخلاقی پولیس گیری کے واقعات پر روک لگانے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ 
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق کوڈ آف کریمنل پروسیجر (سی آر پی سی) کی دفعہ 116 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایسے لوگوں سے ضمانتی بانڈس لینا شروع کیا ہے جو ماضی میں مورل پولیسنگ کے معاملات میں شریک رہے ہیں ۔  ضمانتی رقم کے ساتھ لیے گئے ایسے بانڈس میں متعلقہ شخص سے اس بات کا عہد لیا جاتا ہے کہ وہ آئندہ ایک متعینہ مدت خوش اخلاقی کے ساتھ زندگی گزارے گا اور کسی بھی قسم  کی شرانگیزی یا بد امنی پھیلانے والی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہے گا ۔ 
    
قانونی طور پر کسی شخص سے سیکیوریٹی ڈپازٹ کے ساتھ بانڈس پر دستخط لینے  کی کارروائی کے لئے تعلقہ میجسٹریٹ کو اختیار ہوتا ہے جبکہ پولیس کمشنریٹ والے حدود میں یہ اختیار ڈی سی پی کو حاصل ہے ۔ 
    
ڈپٹی پولیس کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) انشو کمار نے بتایا : ہم نے ایسے لوگوں کے تعلق سے معلومات اکٹھا کرنا شروع کیا ہے جو گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں ۔ ہو سکتا ہے کہ ان کے خلاف کوئی کیس درج نہ ہو مگر ان پر کسی بھی طرح سے صرف اس میں ملوث رہنے کا الزام ہی ان کے خلاف کارروائی شروع کرنے کے لئے کافی ہے ۔ 
    
سٹی پولیس کمشنر کلدیپ کمار جین نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا : " احتیاطی طور پر سی آر پی سی کی دفعہ 107 اور 110 کے تحت بانڈس لیے جائیں گے ۔ ماضی میں مورل پولیسنگ  کے واقعات میں ملوث رہے 1200 افراد سے  اب تک بانڈس پر دستخط لیے جا چکے ہیں ۔ ضمانتی بانڈس کی مدت ایک سال ہے ۔ ضرورت پڑنے پر اس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے ۔ اگر کوئی اس بانڈ میں کیے گئے عہد کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے شہر بدر کیا جائے گا ۔ اور وہ شخص دوبارہ خلاف ورزی کا مرتکب ہوتا ہے تو پھر اسے عدالتی حراست میں لیا جائے گا ۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والے کو ضلع بدر بھی کیا جا سکتا ہے ۔ "
    
پولیس کمشنر نے بتایا کہ امسال جنوری سے اب تک بانڈس کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے والے 9 افراد  کی ضمانتی رقم (سیکیوریٹی ڈپازٹ)  ضبط کی جا چکی ہے اور اسے حکومت کے خزانے میں بھیج دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ بدامنی پھیلانے والے 62 افراد کو پولیس نے شہر بدر کرنے کے ساتھ ان کی حرکات اور سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔
    
انہوں نے بتایا کہ اخلاقی پولیس گیری کو روکنے کے لئے پولیس نے ساحلوں ، مالس اور ہجوم اکٹھا ہونے والے مقامات پر پیٹرولنگ بڑھا دی ہے اور جو کوئی بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی ۔


Share: